اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے جاتے ہوئے دسمبر کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بلوچستان کے اہم شہروں کوئٹہ، چمن، زیارت اور نوشکی میں بارش ہوئی۔ ملتان میں بھی موسمِ سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدّت بڑھ گئی۔
وزیر اعظم کا ترک صدر کو فون، جنیوا کانفرنس میں شرکت کی دعوت
ملتان کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں بشمول ساہیوال اور گردونواح میں ہلکی پھلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ ٹبہ سلطان پور اور گردونواح میں بھی موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی۔
چنیوٹ، کوہاٹ، میلسی، پیر محل اور گردونواح کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال دئیے جبکہ ملکۂ کوہسار مری میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بلوچستان کے شمال اور مغرب کے علاقوں، کے پی کے، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک و سرد جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔ پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آگئے۔
سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے تربت میں 11 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پنجگور میں 6 جبکہ دالبندین میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ آج اسکردو کا درجۂ حرارت منفی 11، استور منفی 9، کالام اور گوپس منفی 8ریکارڈ کیا گیا۔
ہنزہ منفی 7، گلگت منفی 6، بگروٹ، زیارت، دیر اور پارا چنار کا درجۂ حرارت منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔