پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 43 کروڑ روپے کی منشیات اور غیر قانونی اشیاء برآمد کیں جبکہ 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے مختلف کارروائیوں کے دوران کوسٹ گارڈز نے مجموعی طور پر 24 ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے مختلف قسم کی منشیات بھاری مقدار میں برآمد ہوئیں۔
ایک کارروائی کے دوران ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر) پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچوں میں سوار 6 مسافر اسمگلروں سے 32 اعشاریہ 2 کلو گرام جبکہ ایک کنٹینٹر ٹرک سے تلاشی کے دوران 29 اعشاریہ 7 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی اور 7 بین الصوبائی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی لی گئی جس کے دوران 25 ہزار 450 کلو چھالیہ، 931 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ، 3 ہزار پیکٹ بھارتی گٹکا، 6 ہزار 625 کلو غیر ملکی کپڑا اور متفرق اشیاء برآمد کی گئیں۔
تیسری کارروائی میں موبائل گشت کے دوران کوسٹل ہائی وے اور آر سی ڈی ہائی وے کے اردگرد مختلف جگہوں پر غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 91 ہزار 400 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔
چوتھی کارروائی کے دوران سپر ہائی وے کراچی پر چیکنگ کے دوران 2 ٹرکوں سے 2 ہزار کلو گرام چھالیہ اور 2 ہزار 700 لٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا جس پر 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اسمگل کی جانے والی تمام تر منشیات، ھالیہ، 3 بڑی گاڑیاں، متفرق اشیاء اور 12 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈ نے تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔ منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت 43 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوسٹ گارڈز کے ہاتھوں 3 اسمگلرز گرفتار، 27 کروڑ کی منشیات برآمد