راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقعے پر نرسنگ اسکول اور 100 بستر کے ہسپتال کا افتتاح کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں ایم ڈی اور سی ای او وقار احمد ملک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف کو فوجی فاؤنڈیشن میں جاری و مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معیاری خدمات کو سراہتے ہوئے فوجی فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی فاؤنڈیشن سے مستفید ہونے والے 80 فیصد مریض شہداء اور غازیوں کے لواحقین ہوتے ہیں جبکہ رفاہی کاموں سے 90 لاکھ افراد فیضیاب ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں ملکی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آج سے 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران آئی ایس آئی چیف جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی وزیر اعظم سے ملاقات، ملکی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال