اسلام آباد: پی ٹی آئی کی تمام بڑی اتحادی سیاسی جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کی زیرِ قیادت وفاقی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کل منعقد ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما سید امین الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام سیاسی اتحادی ایک ہی پیج پر ہیں۔ ہم پارلیمان کے ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، جی ڈی اے رہنما فہمیدہ مرزا، ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ اور دیگر نے سید امین الحق کی حمایت کی۔ سید امین الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ پارٹی تحفظات کے باوجود بھی ہم نے ایوانِ بالا کے انتخابات میں حکمراں جماعت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
متحدہ رہنما سید امین الحق نے کہا کہ ہم نے کبھی حکمراں جماعت سے گورنری یا وزارت لینے کے متعلق بات نہیں کی تاہم سندھ کے عوام کو درپیش مسائل پر ضرورت گفت و شنید ہوچکی ہے۔ بدعنوان سندھ حکومت نے پورے صوبے کو تباہ کردیا۔ گزشتہ 13 برس میں کراچی کیلئے پی پی پی نے 13 گیلن پانی اور 13 بسیں تک نہیں دیں۔
سیّد امین الحق نے کہا کہ سندھ حکومت کو واضح کرنا چاہتے ہیں کسی کو بھی کراچی کی ترقی میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام صوبائی قانون ساز پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقعے پر وزیرِ بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت کو قانون سازی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مسائل کے باعث قانون سازی کیلئے آرڈیننس کا سہارا لیا جارہا ہے۔ ہماری پارٹی متناسب نمائندگی پر یقین رکھتی ہے چاہے وہ سندھ، بلوچستان اور کے پی کے اسمبلیاں ہوں یا سینیٹ۔ حکومت صرف پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ ہی کام کرسکتی ہے۔
ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت سینیٹ انتخابات کی شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ قومی و صوبائی اسملبیوں کے اراکین عوام کی امنگوں پر کام کریں۔ پاکستانی عوام کی خواہش ہے کہ قیادت ملک کے ساتھ دیانتدار اور تابعدار بنے۔ ہمارے ارادے نیک ہیں اور ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن حکومت اور سسٹم کا امتحان ثابت ہوں گے