کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شہر کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل پر محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بس ڈیپو کیلئے زمین دیدی گئی ہے۔
دورانِ اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے نمائش پر ییلو لائن اور ریڈ لائن کو ملانے کیلئے انڈرپاس کیلئے 962 ملین کی سمری منظور کی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کراچی اور اس کے عوام کی اصل خدمت سڑکوں کی تعمیر اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے سے ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ اورنج لائن اگلے 3 سے 4 مہینے میں تیار کر کے شروع کر دی جائے۔
حکام نے وزیر اعلیٰ سندھ کو آگہی دی کہ فنڈ کا اجراء سب کمیٹی کے پاس ہے اور جلد فنڈز جاری کیلئے جائیں گے جبکہ ریڈ لائن کا ٹرینڈ فروری تک ہوگا۔
سیّد مراد علی شاہ نے شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے ہیں۔
وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ، وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، قائم مقام چیف سیکریٹری محمد وسیم اور پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ سیکریٹری بلدیات روشن شیخ، سیکریٹری قانون شارق حسین، سیکریٹری ٹرانسپورٹ عباس ڈیتھو، ایم ڈی پی پی پی یونٹ خالد شیخ اور دیگر افسران بھی اجلاس کے دوران موجود تھے۔