وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلسے سے قبل سیاسی بیان بازی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ دلانِ لاہور کو پی ڈی ایم کا کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکینِ اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران داتا کی نگری لاہور کی تعمیر و ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
اراکینِ اسمبلی نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔ اِس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم لاہور کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے جبکہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنے ڈالنا ہے۔ عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کا بدعنوان ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کر چکا ہے۔ رسوائی ان عناصر کا مقدر ہے۔زندہ دلانِ لاہور کو کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کرسکتا۔منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی پر الزام لگایا کہ مریم نواز ن لیگی اراکینِ اسمبلی کو استعفے دینے کیلئے دھمکا رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے مریم نواز کے ایک بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے اپنے ہی بیشتر اراکین ان کے ساتھ نہیں، اس لیے یہ دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: مریم نواز استعفوں کیلئے دھمکا رہی ہیں۔فیصل جاوید کا الزام