کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کیسز کی تعداد 627 تک پہنچ گئی ہے،اس میں مقامی منتقلی کے 293 کیسز شامل ہیں جبکہ 30 مارچ تک کیسز کی تعداد 566 تھی اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61کیسزکا اضافہ ہوا ہے ۔
یہ بات انہوں نے منگل کے روز یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حکومت کی مجموعی کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے 627 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نئے کیسز میں سے 272 یعنی 43 فیصد زائرین کے ہیں ، 62 یعنی 10 فیصد افرادکی سفری تاریخ ہے اور 293 یعنی 47 فیصد مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقامی ٹرانسمیشن کے 57 کیسز کا پتہ چلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مقامی منتقلی کا ہے اور ہمیں اسے سخت اقدامات کے ذریعے روکناہے۔محکمہ صحت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ 455 اسپتالوں میں 505 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس کےمریضوں کو آئسولیشن اور علاج کی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس وقت 315 مریض زیر علاج ہیں، ان میں سے 310 کی صحت تسلی بخش ہے جبکہ پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔
تقریبا263 اپنے گھروں پر قرنطینہ میں ہیں اور 42 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 7 مریض انتقال کر چکے ہیں ۔
محکمہ صحت سندھ نے مشتبہ افراد کے 1388 نمونوں کی جانچ کی ہے جن میں سے 1329 کے نتائج موصول ہوئے ہیں ، ان میں سے 272 یعنی20 فیصد کی تشخیص مثبت آئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مقصد تب پورا ہوگا جب ہر شخص رضا کارانہ طور پر معاشرتی دوری اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں سے درخواست کروں گا کہ برائے مہربانی وہ اپنے گھروں میں رہیں ، خود بھی سلامت رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رہنے دیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء امتیاز شیخ اور ان کی امدادی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ نادرا اور پی ڈی ایم اے جیسے وفاقی حکومتی اداروں سے مطلوبہ اعداد و شمار حاصل کریں تاکہ صوبے میں امدادی کام شروع کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں:سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد508سے بڑھ کر627تک پہنچ گئی