لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد ’’سہولت آن دی گو بازار‘‘ قائم کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں ’’سہولت آن دی گو بازار‘‘ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے لاہور کے 14 مختلف مقامات پر اس منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا منصوبہ طلب کر لیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدف مقرر کیا ہے کہ یہ پائلٹ پروجیکٹ چار ماہ میں مکمل کیا جائے۔ اس منصوبے کے تحت سرکاری اراضی کو سڑکوں کے کناروں پر استعمال میں لایا جائے گا، جہاں ’’سہولت آن دی گو بازار‘‘ قائم کیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر لاہور میں اس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 816 اسٹالز لگائے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ بازار ملتان روڈ، ہنجر وال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی 1 مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ اور بیدیاں روڈ پر قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ، شادمان اور سنگھ پورہ جیسے علاقوں کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔
سہولت آن دی گو بازار میں روزمرہ ضروری اشیائے خورونوش مخصوص ڈیزائن کے چھوٹے چھوٹے اسٹالز میں یکساں نرخوں پر دستیاب ہوں گی جو سڑک کے اطراف میں قائم کیے جائیں گے۔
ان بازاروں میں صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ پنجاب کی ہر تحصیل میں شروع کیا جائے گا۔
پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین محمد افضل کھوکھر نے وزیر اعلیٰ کو ماڈل بازار سے متعلق رپورٹ پیش کی جس پر انہوں نے رمضان المبارک کے دوران ماڈل بازاروں کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں راولپنڈی سمیت ڈویژن بھر میں پارکوں کی خوبصورتی، صفائی اور بہتری کے لیے نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مرکزی شاہراہ مری روڈ کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے، غیرقانونی بس اڈوں جیسے پیر ودھائی اور فیض آباد کی صفائی، اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کمشنر آفس راولپنڈی میں تین گھنٹے طویل جائزہ اجلاس کی صدارت کی تاکہ ان اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔