کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔
پی ایس ایل8 کے نمائشی میچ سے قبل کوئٹہ میں خودکش دھماکہ
اپیکس کمیٹی اجلاس میں عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت اور صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ آئی جی بلوچستان اور صوبائی وزرا بھی اجلاس کے دوران موجود تھے۔
آئی جی بلوچستان نے اجلاس کے دوران ریاست مخالف عناصر کے خلاف آپریشنز پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کے دوران کیے گئے تمام تر فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی میچ سے قبل شہر میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
آج سے 2 روز قبل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے جبکہ اس دوران پی ایس ایل کا نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔