برساتی نالوں کی صفائی، کمشنر کراچی کا وزیر اعلیٰ سندھ سے مزید رقم کا مطالبہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برساتی نالوں کی صفائی، کمشنر کراچی کا وزیر اعلیٰ سندھ سے مزید رقم کا مطالبہ

کراچی: شہر قائد میں برساتی نالوں کی صفائی اور مرمت کے لیے کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مزید 316 ملین روپے مانگ لیے۔

برساتی نالوں کی صفائی پر پہلے ہی شہر کے بلدیاتی ادارے 119 ملین روپے اپنے وسائل سے خرچ کریں گے۔گجر نالہ، اورنگی نالہ اور محمود آباد نالے کی صفائی کا کام جاری ہے۔

کمشنر کراچی کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں پرویشنل کوآرڈینیشن اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی (پی سی آئی سی) کے منعقدہ اجلاس میں شرکا کو بریفنگ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، کورکمانڈر کراچی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محمود آباد گجر، اورنگی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ایم سی کے 41 نالوں اور ڈی ایم سی کے 514 نالوں کی صفائی کی بھی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ ان نالوں کی صفائی بھی محمود آباد کے پیٹرن پر کی جائے۔ محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ ان نالوں کی صفائی کی پی سی ون بنائی جائے۔

کمشنر کراچی نے ضلعی سطح پر برساتی نالوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع ساؤتھ میں 38 نالے، شرقی میں 44، غربی میں 65، وسطی میں 51، ملیر میں 41، کورنگی میں 51 اور کیماڑی میں 35 نالے ہیں۔

ان نالوں کی صفائی کیلئے لوکل باڈیز 119 ملین روپے اپنے وسائل سے خرچ کریگی، کمشنر کراچی نے کہا کہ ان نالوں کی صفائی کیلئے مزید 316 ملین روپے کی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ نالوں سے تجاوزات ہٹانے سے متاثر ہونے والے لوگوں کو معاوضہ دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر مینشن اور اس کے قریب نکاسی آب کا نظام بحال کیا جائے، کیوں کہ وزیر مینشن قائداعظم کا گھر ہے اورہر سال بارشوں میں یہ متاثر ہوتا ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ وزیر مینشن کے علاقے کا تمام نکاسی آب کا نظام ٹھیک کیا جائے۔

Related Posts