اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری ہنی پروگرام کا افتتاح کردیا، بلین ٹری ہنی پروگرام کے افتتاح کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور تبدیلیوں سے نمٹنا ہمارے لیے چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر ملک کو درپیش ماحولیاتی صورتحال بہتر کرنے کی ذمہ داری ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں میں پاکستان کا5واں نمبرہے، بدقسمتی سے جنگلات کے رقبے میں تیزی سے کمی ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے انگریزوں کے بنائے جنگلات ختم اور دریا آلودہ کردیئے، سرسبزعلاقوں میں درخت کاٹ کرعمارتیں بنائی گئیں، پہلے آلودگی نہیں تھی تو لوگ نہروں اور نلکوں سے پانی پیتے تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی حکمران آیا اس نے اپنے 5 سال کا ہی سوچا، ماضی کی حکومتوں نے جنگلات کی اراضی سیاسی مقاصد کے لئے لوگوں کو لیز پر دی، موجودہ حکومت ماحولیات پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
سپریم کورٹ کے ریمارکس ہیں کہ سندھ میں زیرزمین پانی 70 فیصد آلودہ ہے، سردیوں میں لاہورمیں آلودگی خطرے کی حد سے بڑھ جاتی ہے۔ پورے ملک میں شہروں کا ماسٹر پلان ہی نہیں ہے، ہم شہروں کے ماسٹر پلانز بنا کر زرعی زمین بچانا چاہتے ہیں۔