راولپنڈی: عیدگاہ چوک پیر چوہا چوک کے مکینوں نے پانی کی عدم دستبابی پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے میں شریک شہریوں نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ سے علاقے میں پانی نہیں آرہا جس کی وجہ سے ہم لوگ پانی کی بوند بوند کر ترس گئے ہیں۔ واسا کو بار بار درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عیدگاہ چوک کے مکینوں کا کہنا تھا کہ سرکاری نلوں میں پانی نہ آنے کی وجہ سے خواتین ، مرد ، بچے اور بڑھے پانی کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں۔ ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں پانی کی تلاش میں جانا پڑا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ گھروں میں وضو ، نہانے ، واش روم میں استعمال کے لیے پانی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ گھروں کے اندر گندگی غلاظت بدبو اور تعفن پھیل چکا ہے مختلف بیماریاں جنم لے چکی ہیں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہم نے ایم ڈی واسا کو درخواست دی، خود بھی جاکر ملے اور پانی کی سنگین صورتحال کا بتایا۔ متعدد مرتبہ دفتر کے چکر لگائے مگر کچھ حاصل وصول نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگ انصاف کی حکومت سے پوچھتے ہیں کہ اس علاقے کے عوامی نمائندے کدھر غائب ہیں صرف ووٹ لینے کے لیے آتے ہیں اس کے بعد پانچ سال تک نظر نہیں آتے۔ ہمیں تحریک انصاف کی حکومت سے بہت گلہ ہے کہ ہمیں پینے تک کا پانی دستیاب نہیں، مگر پانی کے بل برابر ادا کررہے ہیں۔ ہم حکومت سے التجا کرتے ہیں کہ ہمیں پینے کا پانی فوری طور پر مہیا کیا جائے اور ہمارے علاقے کی مکمل طور پر صفائی ستھرائی کروائی جائے۔