محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر کراچی میں آج سے گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جس سے شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو موسم کو غیر معمولی حد تک گرم بنائے گا۔ ساتھ ہی ہوا میں نمی کی مقدار بھی زیادہ رہے گی، جس کی وجہ سے گرمی کا اثر اور بھی بڑھ جائے گا۔
ماہرین صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے پانی زیادہ پئیں، دھوپ میں کم وقت گزاریں اور خاص طور پر بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار نے بحیرہ عرب میں ہونے والی سرگرمی کے حوالے سے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھارت کی ریاست مہا اشٹرا پر ہے، اس سسٹم سے سندھ میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے مزید بتایا کہ شہر میں پورے ہفتے گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، بدھ سے جمعہ تک درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔