سیکا سربراہی اجلاس

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بین الاقوامی سطح پر پاکستان سمیت دیگر ممالک نے مختلف مسائل کے حل کیلئے بڑے بڑے فورمز قائم کررکھے ہیں اور ایشیا میں روابط و اعتماد سازی کی تنظیم (سیکا) بھی ایک ایسا ہی فورم ہے جس کے اراکین میں پاکستان سمیت 27ممالک شامل ہیں۔

ایشیائی ممالک پر مشتمل یہ فورم آج سے30 سال قبل 1992 میں قائم ہوا جس کا مقصد خطے میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی معاملات اور براعظم ایشیا میں معاشی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانا ہے جبکہ پاکستان اس کے بانی اراکین میں شامل ہے۔

گزشتہ روز سیکا سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر قازقستان کے دارالحکومت آستانہ روانہ ہوئے اور آج وزیر اعظم سربراہی اجلاس سے خطاب اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیکا کی اہمیت واضح کریں گے۔ 

قبل ازیں دورۂ امریکا اور دیگر دوروں کے دوران وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عالمی برادری سے اپیل کی۔ اقوامِ متحدہ نے بھی پاکستان کیلئے امیر ممالک سے امداد کا مطالبہ کیا جبکہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

وزیر اعظم سیکا سربراہی اجلاس کے موقعے پر رکن ممالک بشمول افغانستان، آذر بائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، چین، مصر، ایران، اردن، قازقستان، کرغزستان، منگولیا، فلسطین، قطر، کوریا، روس، سری لنکا، تاجکستان، ترکی اور عرب امارات کے قائدین سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

ایشیائی ممالک کو مختلف محاذوں پر بہت سی الگ الگ قسموں کے اور بعض معاملات پر ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں، یوکرین روس جنگ کے باعث عالمی کساد بازاری اور اجناس کی قلت جیسے مسائل کم و بیش تمام ہی ممالک کیلئے اہم ہیں۔

ایسے میں سیکا سربراہی اجلاس میں شرکت وزیراعظم شہباز شریف کیلئے سیلاب زدگان کی امداد سمیت دیگر اہم معاشی مسائل کے حل کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم سربراہی اجلاس سے خطاب کے موقعے پر اہم مسائل اجاگر کریں گے۔

دورۂ قازقستان اور سیکا سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آستانہ روانگی کے موقعے پر کابینہ اراکین بھی وزیر اعظم کے ہمراہ گئے جو مختلف معاشی و بین الاقوامی امور پر وزیر اعظم کو مختلف مواقع پر اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کرسکتے ہیں۔

گزشتہ روز شروع ہونے والی چھٹی سیکا سمٹ 12 سے 13 اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ جمہوریہ قازقستان بطور چیئرمین سیکا اس اجلاس میں شرکت کرے گا۔ رواں ماہ اسی تنظیم کے کچھ مزید اجلاس ایران، تاجکستان، چین اور ترکی میں بھی منعقد ہوں گے۔

Related Posts