اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے سانحہ داسو بس سے متعلق جاری تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی سازشوں کیخلاف مضبوط کارروائیوں پروزارت داخلہ کی کوششوں کو سراہا ہے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق چینی سفیر نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے راولپنڈی میں ملاقات کی، دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور داسو واقعے کی جاری تحقیقات کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی سازش پاک چین تعلقات کیلئے خطرہ نہیں بن سکتی، چینی سفیرنے وزیر داخلہ کو عیدالاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ نے داسو بس واقعے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:دہشت گردوں کو موقع نہ دیا جائے