نیو یارک: چین نے ایٹمی معاہدے پر گفتگو کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف تمام پابندیاں کالعدم قرار دیتے ہوئے طاقت کے استعمال کی غلط دھمکیاں دینا بند کرے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں چینی سفیر نے قرارداد نمبر 2231 پر عملدرآمد کے سلسلے میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین امریکا سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایران پر تمام پابندیاں کالعدم قرار دی جائیں۔
برہان وانی کا 7واں یومِ شہادت، کشمیر میں مکمل ہڑتال
قبل ازیں قرارداد نمبر 2231 پر عملدرآمد کے سلسلے میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنی 15ویں رپورٹ پیش کی جس کا جائزہ لینے کیلئے سلامتی کونسل کا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں چین نے اظہارِ خیال کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ جے سی پی او اے ایک عالمی سفارتی کامیابی ہے جس میں کئی فریق شامل تھے اور سلامتی کونسل نے بھی اس کی توثیق کی۔ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں ایٹمی عدم پھیلاؤ اور امن قائم رکھنے کا اہم عنصر ہے۔
سفیرِ چین نے کہا کہ امریکا کی سابق حکومت یکطرفہ طور پر اس معاہدے سے دستبردار ہوگئی جس کی وجہ سے ایران پر شدید دباؤ شروع ہوگیا۔ اس قدم سے ایران میں ایٹمی بحران پیدا ہوا۔ ہم تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معاہدے کے نتائج کی قدر کریں۔
انہوں نے کہا کہ فریقین سیاسی عزم و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رکاوٹیں دور کریں اور اس معاہدے کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے اتفاقِ رائے کرلیں۔ چین ایرانی ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔