کراچی: دنیا بھر میں ہر سال 21 جون کو عالمی یومِ ہائیڈروگرافی منایا جاتا ہے جس کا مقصد ہائیڈروگرافی اور سمندروں سے متعلق معلومات میں اضافہ اور اس کے کردار کے حوالے سے آگہی پیدا کرنا ہے۔ عالمی ادارہ برائے ہائیڈروگرافی (IHO) نے رواں سال اس دن کی مناسبت سے’ہائیڈروگرافی -اقوامِ متحدہ کے صدی برائے سمندر میں حصہ‘ کا موضوع منتخب کیا ہے۔
اس سال کے موضوع کا مقصد ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور کس طرح ہائیڈروگرافی سمندروں کی پائیدار ترقی کے لیے اقوامِ متحدہ کی صدی برائے سمندری سائنسز (2021-2030) کا موضوع معاونت فراہم کرسکتا ہے۔
یہ دن ہائیڈروگرافی کی اہمیت اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جس میں سمندر سے متعلق تمام سرگرمیاں جیسا کہ سفری حفاظت، معاشی ترقی، سیکیورٹی، ماحولیاتی تحفظ، سائنسی تحقیق، وسائل کا استعمال، قدرتی آفات سے بچاؤ، بحری سرحدوں کے تعین اور انٹیگریٹڈ کوسٹل زون مینجمنٹ وغیرہ شامل ہیں۔
مزید برآں، اس سال عالمی یومِ ہائیڈروگرافی بحری اسٹیک ہولڈرز کے مابین معاونت کی کوششوں اور سمندروں کو مفید، مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے معلومات کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔
پاکستان ایک ذمہ دار ساحلی ریاست ہے جس کے پاس 1000 کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی کے ساتھ ساتھ دو لاکھ 40 ہزار مربع کلومیٹر کا سمندری علاقہ خصوصی اقتصادی زون میں شامل ہے۔