ہمیں مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا، آرمی چیف

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ہمیں مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا، آرمی چیف
ہمیں مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا، آرمی چیف

راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریب میں سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی ہے اور مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات کے سلسلے میں کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں شرکت کی۔

آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا اور متحد و ترقی پسند پاکستان کے لئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کے لیے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ”اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے”۔ آرمی چیف نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈہ کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا”۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 147ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ ”آپ آزاد ہیں۔ آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں ”۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں ”۔ ”ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا”۔

Related Posts