چارسدہ : شبقدر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے راہزن گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کرکے چھینی گئی رقم جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق افضل ولد شاد محمد سکنہ آریانہ نے تھانہ شبقدر میں رپورٹ درج کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میں ، خان بہادر، سوزوکی ڈرائیور رفیق کے ہمراہ مال مویشی کی خرید و فروخت کے لئے آریانہ سے باجوڑ جا رہے تھے کہ حاجی زئی طوطی بند کے قریب روڈ پر 5 نامعلوم مسلح ملزمان نے ہم سے ایک لاکھ 33ہزار روپے، دو موبائل فون،شناختی کارڈ اور موٹرسائیکل کے رجسٹریشن کاپی چھین کر فرار ہوگئے۔
شہری کی رپورٹ پر تھانہ شبقدر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈی پ او چارسدہ کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ڈی ایس پی فاروق زمان خان اور ایس ایچ او تھانہ شبقدر جوہر خان کی مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔
تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے چند مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا۔ اس دوران پولیس نے واقعہ میں ملوث تین ملزمان مرجان ولد طلا محمد،ذیشان ولد ولایت خان اور بختیار ولد وکیل ساکنان شبقدر تک رسائی حاصل کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے چھینی گئی رقم1 لاکھ 33ہزار اور واردات میں استعمال ہونے والے 2 پستول بھی برآمدکرلئے۔پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔