اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کیلئے متحرک ہیں جس کا مقصد ملک میں جاری سیاسی بحران کا سدّ باب کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے مابین بحران کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیرِ ریلوے نے صادق سنجرانی سے رابطہ کر لیا۔
سپریم کورٹ فیصلے اسمبلی اختیارات میں مداخلت ہیں۔ راجہ پرویز اشرف
وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے مابین محاذ آرائی کے سدّ باب کیلئے چیئرمین صادق سنجرانی دونوں اطراف سے 5، 5 سینیٹرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں اسد عمر اور شہزاد وسیم سے رابطہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سیاسی بحران کے تصفیے کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کو خط بھی لکھیں گے۔ وفاقی وزیر ایاز صادق نے بھی دیگر جماعتوں سے رابطہ اور مشاورت کی ہے جس کا مقصد حکومت اور اپوزیشن کے مابین افہام و تفہیم پیدا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امیر جماعتِ اسلامی نے بھی حکومت اور اپوزیشن کے مابین سیاسی محاذ آرائی کو ختم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے۔ سراج الحق نے وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔