راولپنڈی: چیئرمین سیٹیزن ایکشن کمیٹی ظہیر احمد اعوان نے کہا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کی غفلت اور لاپرواہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نالہ لئی کے اطراف میں ٹھیکیداروں نے تعمیراتی ملبے کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین سیٹیزن ایکشن کمیٹی نے آئی جی پی روڈنالہ لئی پل ، کشمیر کالونی ، پیرودھائی ،پل گنج منڈی ، گوالمندی پل کے دورے کے موقعے پر کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے لئی ایکسپریس وے کا اعلان ہوا ہے روزانہ کی بنیاد پر دن دیہاڑے پورے شہر سے تعمیرات کا ملبہ نالہ لئی کے اطراف میں پھینکا جارہا ہے۔
ظہیر احمد اعوان کا کہنا تھا کہ ملبے کی آڑ میں قبضہ مافیا نے گھروں کی تعمیر اور گودام تعمیر کرلئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن فل الفور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے اور غیرقانونی تعمیرات کو رکوائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹھیکے داروں کی جانب سے نالہ لئی کے اطراف میں ملبہ اس لئے اکٹھا کیا جارہا جب لئی ایکسپریس کا کام شروع ہو تو ملبہ اٹھانے والے ٹھیکیدار کروڑوں روپےکما سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران و اہلکار خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں کسی کو کوئی پرواہ نہیں قومی خزانے سے ہر سال کروڑوں کا بجٹ لگا کر صفائی کروائی جاتی ہے۔ہم نے وزیراعلیٰ شکایات سیل سٹیزن پورٹل پر درخواستیں دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
چیئرمین سیٹیزن ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمشنر ڈپٹی کمشنر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سی او کو احکامات صادر فرمائے جائے کہ نالہ لئی کے اطراف ملبہ پھینک کر تنگ کرنے والوں اور اس پر ناجائز تعمیرات و تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ نالہ لئی کو تنگ ہونے سے بچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ہزارہ کالونی نالہ لئی کے رہائشی بابر خان کی قبضہ مافیا سے تحفظ فراہم کرنے اپیل