مذہبی سیاسی جماعت کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو یوٹیوب

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

اس بات کا فیصلہ مرکزی مسلم لیگ ہاؤس میں تنظیمی اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم نے کی۔

اجلاس میں مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، رہنما حافظ امجد اسلام، انجینئر نعمان علی سمیت تمام ٹاؤن کے صدور اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے کے انعقاد پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر چھینا جھپٹی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہورہی ہیں۔ ڈاکو کھلے عام شہریوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں لیکن کوئی انہیں پکڑنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے۔ چھینا جھپٹی کے واقعات میں عوام کا قتل ناقابل برداشت ہے۔ حکمران بتائیں کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کون کرے گا؟

مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ آئی جی صاحب فرماتے ہیں 354 کباڑی چوری کی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرتے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ انکے خلاف کارروائی کون کرے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ علاقوں میں جرائم کے اڈوں کا علم رکھنے کے باوجود کیوں اقدامات نہیں کیے جاتے؟ پولیس سب کچھ جانتے ہوئے بھی جرائم کے اڈوں کو کیوں ختم نہیں کرتی؟

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کسی بھی میدان میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم ہرمیدان میں عوام کا ساتھ دیں گے۔اسٹریٹ جرائم کے خلاف احتجاج جیسا آئینی حق بھی استعمال کریں گے اور قانون کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔

Related Posts