کوئٹہ: چمن میں دھرنا دینے والے مظاہرین نے تاجر رہنماؤں کی درخواست منظور کرتے ہوئے 3 ماہ سے پھنسے ہوئے ٹرک اور کنٹینرز کو جانے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چمن کے دھرنا مظاہرین نے گزشتہ 3ماہ سے بابِ دوستی پر دھرنا دے رکھا ہے جس کے نتیجے میں سرحد پر آمدورفت کا سلسلہ بند ہے۔ مظاہرین نے 3 ماہ سے پھنسی کارگو ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت دے دی۔
مظاہرین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقہ عمائدین، تاجر رہنماؤں اور سادات کے جرگے نے ٹرکوں اور کنٹینرز کو جانے کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی جسے منظور کیاگیا۔ مظاہرین نے پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے ِخلاف احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
دھرنے کے باعث گزشتہ 3 ماہ سے پاک افغان تجارت کا عمل معطل ہے۔ بابِ دوستی پر کم و بیش 5000 ٹرک اور کنٹینرز پھنس گئے تھے جنہیں جانے کی اجازت مل گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے ہمراہ 10 ہزار ڈرائیورز اور عملے کے افراد بھی پھنس گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بابِ دوستی پر مظاہرین کے دھرنے اور پاک افغان دو طرفہ تجارت بند ہونے کے باعث ہر روز قومی خزانے کو 10 کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہورہا ہے۔ حکومت کو مظاہرین سے مذاکرات کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔