اے وی ایل سی نے کراچی میں وارداتیں کرنے والے میاں بیوی اور دیور سمیت 7 رکنی کار چور گروہ کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضے سے 6 گاڑیاں برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 7 رکنی کار لفٹر گروہ کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6 کاریں برآمد ہوئیں۔
ایس ایس پی راؤ عارف اسلم کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شجاعت، دانش،عطاء اللہ، احتشام، دانیال، کنول اور قراۃ العین شامل ہیں جن کے قبضے سے ہنڈا سوک، ہونڈا سٹی، سوزوکی کلٹس اور آلٹو کاریں برآمد کی گئیں۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے مطابق ملزمان سے برآمد کی گئی کاریں کراچی کے مختلف علاقوں سے چرائی گئیں جن پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ ملزمان میں میاں بیوی اور دیور بھی شامل ہیں۔
کار لفٹر گروہ کے مرکزی کردار قراۃ العین عرف عینی اور شوہر شجاعت ہیں۔ ملزمان نشے کی لت پوری کرنے اور تفریح کیلئے بھی کاریں چراتے تھے۔ نشے کے بعد ملزمان لانگ ڈرائیو پر نکل جایا کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان 2 کاریں فروخت کرچکے ہیں۔ باقی گاڑیاں نشہ اتر جانے کے بعد کسی بھی علاقے میں چھوڑ دی جاتی تھیں۔ قراۃ العین کا دیور مرحوم بھائی کی ایکسائز پولیس کی یونیفارم وارداتوں کیلئے استعمال کرتا تھا۔
والدہ کو پتہ چلا تو اس نے مرحوم بیٹے کی یونیفارم جلا دی۔ پھر ملزم مرحوم بھائی کی ایکسائز کیپ پہن کر چوریاں کرنے لگا۔ مجموعی طور پر کار لفٹرز کا یہ گروہ 20 کے قریب گاڑیاں چوری کرچکا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اے وی ایل سی کا کہنا ہے کہ دانیال کسی بھی کار کو کھولنے پر مہارت رکھتا ہے۔ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔ 890سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے گزشتہ ہفتے کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 890 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیاجبکہ مختلف علاقوں میں منشیات کیخلاف مہم کے دوران کروڑوں کی 222 کلو 911 گرام چرس، 02 کلو 980 گرام آئس، کرسٹل اور 947 گرام ہیروئن برآمد کی۔
مزید پڑھیں پولیس کی شہر بھر میں کارروائیاں، 890سے زائد ملزمان گرفتار