کراچی میں ایک ہی رات میں 10 موبائل فونز چھیننے والے کار لفٹر گروہ کا کارندہ گرفتار جبکہ سرغنہ فرار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے کار لفٹرز نے پارٹ ٹائم اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بھی شروع کردیں۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ کے مطابق اے وی ایل سی کی ٹیکنیکل ٹیم کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔
شہرِ قائد کے علاقے سمن آباد میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب کار لفٹر علی اوڈھ گروپ کا کارندہ حضور بخش گرفتار ہوا جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 21 موبائل فون برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے 1 موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔ ملزم نے عیدالاضحیٰ سے قبل ساتھیوں سمیت متعدد وارداتیں کیں۔ قربانی کے جانور خریدنے والے شہریوں سے موبائل فونز، رقم اور دیگر سامان لوٹا گیا۔
ملزمان نے صرف ایک رات میں 10 کے قریب موبائل فونز چھینے۔ پولیس کارروائی کے دوران گینگ کا سرغنہ علی اوڈھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جو بلوچستان کے جرائم پیشہ عناصر سے رابطے میں رہتا ہے۔
اے وی ایل سی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ عادی جرائم پیشہ ملزمان کار لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 656 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔
گزشتہ ہفتے پولیس نے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کے خلاف مہم کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی 195 کلو 656 گرام چرس، 01 کلو 780 گرام ہیروئن اور 740 گرام آئس برآمد کی۔ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 81 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور 03 دستی بم تحویل میں لے لیے گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائیاں، مختلف جرائم میں ملوث 656 ملزمان گرفتار