کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت پاک فوج کے 5جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے ہونے والے دھماکے میں پاک فوج کے 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ہفتے کے روز سے جاری تھا، اس دوران دیسی ساختہ بم پھٹ گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افسوسناک واقعے میں پاک فوج کے پانچ جوان جن میں کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون نے شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے آپریشن جاری ہے۔ دشمن عناصر کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے سبزل روڈ پر دستی بم کے دھماکے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم حملے کی شدید مذمت کی اور صوبائی پولیس چیف کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کی ہدایات دیں۔
مزید پڑھیں:مردان میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 3افراد قتل
محکمہ صحت بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے بعد میں میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔