کانز فلم فیسٹیول کے 78ویں ایڈیشن کے تیسرے دن معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ریڈ کارپٹ پر اپنی شاندار موجودگی سے سب کو حیران کر دیا، انہوں نے نکول فلیشیا کا تیار کردہ سرخ رنگ کا گاؤن زیب تن کیا جس کا انداز اور دلکش کٹ فیشن کی دنیا میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا لگا۔
جیکولین نے ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کے “ویمن ان سنیما” گالا میں شرکت کی، جہاں ان کا لباس محبت، حسن اور وقار کی علامت بن کر ابھرا۔ سرخ رنگ کے اس گاؤن کا ڈیزائن کورسیٹ طرز کا تھا جو کہ کندھوں سے محروم تھا جبکہ پشت اور بازوؤں پر گلابی ساخت کی بھرپور جھلک نمایاں تھی۔
اس لباس کی ساخت “مرمئیڈ اسٹائل” میں نیچے کی جانب پھیلتی گئی جو گھٹنوں تک جسم سے چمٹا ہوا تھا اور بعد ازاں نیچے سے پھیل کر شعلہ نما انداز اختیار کرتا تھا، جس نے جیکولین کو عالمی اسٹیج پر ایک “ریڈ ہاٹ بیوٹی” کے روپ میں پیش کیا۔
جیکولین نے اپنے اس پرکشش لباس کے ساتھ ایک نفیس نیکلیس، ہم رنگ جھمکے اور ایک دلکش انگوٹھی کا انتخاب کیا۔ بالوں کا جوڑا بنا کرسامنے سے ہلکی سی سائیڈ پارٹیشن دی گئی، جس سے چند لٹیں کھلی چھوڑ دی گئیں۔
میک اپ میں انہوں نے بولڈ اسٹائل اپنایا، جس میں نمایاں کاجل زدہ آنکھیں، گلابی بلش، ابھری ہوئی چیک بونز اور شوخ سرخ لپ اسٹک شامل تھی۔ ان کے مجموعی انداز نے کانز فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ کو چار چاند لگا دیے۔
کانز میں اپنے دوسرے لک کے لیے جیکولین نے ہندوستانی ڈیزائنر انامیکا کھنہ کا تیار کردہ جدید طرز کا فیوژن لباس پہنا جو کہ ایک لمبی قمیص نما ڈریس پر مشتمل تھا۔ اس لباس میں کالر ڈیزائن اور بازو کہنی تک موڑے گئے تھے، جو ایک نفیس اور سلم سلویٹ فراہم کر رہا تھا۔
اس لباس کی اصل خاصیت اس پر کی گئی چاندی کی سجاوٹ تھی۔ اس کے ساتھ ایک منفرد ری سائیکل کیا گیا چاندی کا سیٹ شامل تھا، جسے کولکتہ کے ہنر مند کاریگروں نے پرانے زیورات اور چاندی کی زنجیروں سے تیار کیا۔ یہ ڈیزائن انڈین قبائلی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتا تھا۔
چاندی کا یہ سیٹ جیکولین کے کندھے سے کراس انداز میں سامنے کی جانب ڈیزائن کیا گیا تھا، جس کے ایک جانب خم دار انداز اور درمیان میں سیدھی لائن پر چاندی کے سکے لگائے گئے تھے۔
اس انداز میں جیکولین نے بالوں کو نیچے کی طرف چوٹی کی شکل میں باندھا تاکہ لباس کی تفصیلات نمایاں رہیں۔ زیورات میں لمبے جھمکے، ایک شاندار ہیرے کا کنگن اور انگوٹھی شامل تھی۔
جیکولین فرنینڈس نے اس سال کے کانز فلم فیسٹیول میں اپنے دونوں اندازوں کے ذریعے دنیا بھر میں فیشن اور حسن کا نیا معیار قائم کیا۔ ہر لک میں انفرادیت، روایت اور جدیدیت کا حسین امتزاج دکھائی دیا۔ اب سب کی نظریں باقی دنوں پر مرکوز ہیں کہ کون سا ستارہ اگلی بار سب کو حیران کرے گا۔