پرائیویٹ سیکٹر میں پاکستان کے معروف تعلیمی ادارے بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کی ٹیچر عروسہ عمران نے شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کیمبرج ٹیچر ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
کیمبرج ڈیڈیکیٹڈ ٹیچر ایوارڈز کے عالمی مقابلہ 2022 ایوارڈز میں 113 ممالک کے 7000 نامزد امیدوار شامل تھے جن میں 6 علاقائی کامیاب ٹیچرز کو ججوں کے پینل نے منتخب کیا اور انہوں نے فائنل مقابلے میں جگہ بنائی جس میں عروسہ عمران بھی شامل تھیں جو علاقائی فاتح بنیں۔
عروسہ بیکن ہاؤس کراچی کے گلشن کیمپس سے تعلق رکھتی ہیں، وہ ایک ایسے بچے کو پڑھاتی ہیں جو پٹھوں کی بہت ہی کم لوگوں کو لاحق ہونے والی بیماری میں مبتلا ہے۔ اس بیماری میں مبتلا افراد بیٹھنے، چلنے یا چیزوں کو ہاتھ میں نہیں پکڑ سکتے۔
تاہم عروسہ عمران کی انتہائی کوششوں اور محنت سے یہ بچہ خوشی خوشی اسکول آتا جاتا ہے اور تمام سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتا ہے۔ جبکہ یہ اپنی ضروریات اور خواہشات کا اظہار کرنا سیکھ رہا ہے۔
ان کی یہ انتھک کوشش پوری دنیا کے اساتذہ کے لیے ایک تحریک ہے۔ پاکستان کے اساتذہ ہمیشہ ان ایوارڈز میں سب سے آگے رہے ہیں۔ اس سے پہلے احمد قرطبہ اسکول سے تعلق رکھنے والی سایا کو ان کی مثالی کوششوں کے لیے اس ایوارڈ کا عالمی فاتح منتخب کیا گیا تھا۔