کراچی :پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر پاکستانی ڈراموں کے کرداروں پر بیجا تنقید کرنے والوں کو ’کورونا‘ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک خاتون بذریعہ ویڈیو پاکستانی ڈراموں کے کرداروں پر اکھڑ لہجے میں تنقید کرتی تھیں، اس خاتون کی ویڈیوز پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بھی ایک پوسٹ شیئرکی جسے بعد میں انہوں نے ڈیلیٹ بھی کردیا۔
بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں یہ بات واضح کہی کہ ایک ایسا وقت کہ جب ہر طرف مشکل ہے ،ویسے ہی ڈرامہ انڈسٹری کے لوگ بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ لوئر کلاس لوگ ہمارے ڈراموں پر گھٹیا کمنٹس کرکے فنکاروں کی محنت اور صلاحیتوں پر تنقید کرتے ہیں، کیا ایسے لوگوں کو اس انڈسٹری کے نشیب و فراز کا بھی اندازہ ہے؟۔
بشریٰ انصاری نے اپنی طویل پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ لوگ اس خاتون کا پینڈو اسٹائل کمنٹری شو دیکھ کیوں رہے ہیں؟انہوں نے لکھا کہ کسی کی عزت و سالمیت کو تباہ کرنا گناہِ کبیرہ ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگر واقعی آپ کو کوئی ڈرامہ نہیں پسند تو یہ آپ پر ہے کہ آپ اسے نہ دیکھیں لیکن یہ انتہائی کم درجے کی بات ہے کہ کسی کی محنت پر یوں اس لہجے پر تنقید کی جائے۔
مزید پڑھیں: اب تھوڑا گھبرالیں ؟