پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں 3 منزلہ بوسیدہ عمارت گر جانے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 1 بچہ بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹ (ہم نیوز) کے مطابق ملتان کے محلہ جوادیاں میں 3 منزلہ عمارت گر جانے سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ 2 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔جاں بحق افراد میں شامل بچے کی عمر 11سال تھی۔
رات گئے پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ملبے سے نکال کر آپریشن مکمل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں گے۔ اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن کیلئے تکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گر جانے کے نتیجے میں 3 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ برس اکتوبر کے دوران عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور دبے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام شروع کیا۔ ابتدائی طور پر 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے تاہم ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی۔