بی آر ٹی منصوبے کی افادیت ،التواء کی وجوہات اور سہولیات

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

BRT project, reasons for delay and facilities

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آج پشاور میں اپنے تاریخی منصوبے بی آر ٹی یعنی بس ریپڈ ٹرانزٹ کا افتتاح کرنے جارہی ہے، تحریک انصاف کی وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے کرتا دھرتا اس سے قبل 7 بار افتتاح کی تاریخ دے چکے ہیں لیکن آج وزیراعظم عمران خان اس تاریخی منصوبے کا افتتاح کرینگے۔

یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے دور اقتدار کے اواخر میں شروع کیا تھا جبکہ حکومت کا دعویٰ تھا کہ اس منصوبے کو چند ماہ میں مکمل کرلیا جائیگا لیکن 2017 ء میں شروع ہونیوالا یہ منصوبہ 3 سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے۔

منصوبے کی افادیت
بی آر ٹی کا ٹریک27اعشاریہ 5 کلو میٹرپر مشتمل ہے ،بی آر ٹی کا ٹریک پشاور کے علاقے کارخانو بازار سے شروع ہو کر چمکنی تک جاتا ہے، ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا فاصلہ 850 میٹر ہے،بی آر ٹی سے ساڑھے 3 لاکھ افراد یومیہ سفر کریں گے ،فی اسٹاپ کرایہ 10 روپے جبکہ مکمل سفر 50 روپے میں ہوگا۔

پشاور بی آر ٹی منصوبے کو چلانے اور دیکھ بھال کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے ٹرانس پشاور نامی ریپڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی بھی قائم کی ہے ۔اس منصوبے کے تحت پشاور شہر میں 7روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی، جن میں ایک ایکسپریس کوریڈور جبکہ 7اہم مقامات پر شہریوں کے لیے اسٹاپ اور بس اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

بی آر ٹی کی لاگت
2017 ء میں منصوبے کے آغاز پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 49 ارب لگایا گیا تھا چند ماہ بعد لاگت میں 4ارب کا اضافہ ہوا ،2018ء کے انتخابات کے بعد نئی حکومت نے لاگت 66 ارب تک پہنچنے کی منظوری دی اور گزشتہ سال مزید 4 ارب روپے طلب کرلیے گئے تھے، بی آر ٹی کے 32 اسٹیشنوں پر محیط اس ٹریک کی تعمیر کے دوران ڈیزائن میں 50 سے زائد چھوٹی بڑی تبدیلیاں کی گئیںجس کی وجہ سے لاگت 70 ارب تک پہنچ گئی ہے۔

التواء کی وجوبات
بی آر ٹی کے ڈیزائن میں خامیوں، تبدیلی اور دیگر وجوہات کی بنا پرمنصوبے کی تکمیل میں متعدد رکاوٹ سامنے آئیں، منصوبے کی طولت کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، ڈیزائن میں نقائص اور بار بار تبدیلیوں کے باعث کنٹریکٹرز کو بھی منصوبے کی تکمیل میں مشکلات درپیش آئیں جبکہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے بھی منصوبے کی تکمیل میںتعطل آیا تاہم آج حکومت اس تاریخی منصوبے کا افتتاح کررہی ہے۔

بی آر ٹی منصوبے کی سہولیات
بی آرٹی کی نگرانی کیلئے 750سیکورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں،بی آرٹی کا سفر آرام دہ ہونے کے ساتھ محفوظ بھی ہےاوراس منصوبے سے پشاور کے عام مسافروں کے علاوہ طلبہ اور خواتین کو بھی فائدہ ہو گا۔

بی آر ٹی پشاور شہر کے تمام اہم حصوں کو آپس میں جوڑے گی اور صبح 6بجے سے رات 10بجے تک عوام کو سفری سہولیات مہیا کی جائینگی۔ بی آر ٹی کی تمام بسیں ایئرکنڈیشن اور وائی فائی کی سہولیات سے آراستہ ہونگی اورمعذور افراد کیلئے بی آر ٹی میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، منصوبے کیساتھ بائی سائیکل ٹریک بھی بنایاگیا ہے اور مسافروں کیلئے تمام اسٹیشنوں پر بیت الخلاء قائم کیے گئے ہیں۔

آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے افتتاح کرنے کے بعد اس منصوبے کو عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔

Related Posts