حافظ آباد میں کبوتر بازی کے معاملے پر دو حقیقی بھائیوں میں جھگڑا ہوگیا جہاں بھائی نے بھائی کو قتل کرکے گرفتاری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ حافظ آباد کے نواحی علاقے ڈاہرانوالی میں پیش آیا جہاں کبوتر بازی پر حقیقی بھائیوں میں جھگڑا ہوا۔ چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑے بھائی کا قتل ہوگیا اور ملزم قتل کے بعد تھانے میں پیش ہوا جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقتول شاہد جلہن چھاؤنی کے علاقے میں الیکٹریشن کا کام کرتا تھا جس کی اپنے چھوٹے بھائی جمشید سے کبوتروں پر بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد بڑوں نے دونوں کی صلح کرادی تاہم جمشید کے دل سے تکرار کے دوران پیدا ہونے والا غصہ کم نہ ہوسکا۔
ملزم جمشید نے اپنے بھائی شاہد پر فائرنگ کرکے ا کی جان لے لی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شاہد موقعے پر جاں بحق ہوگیا جس کے بعد جمشید خود تھانہ صدر میں پیش ہوا۔ جمشید کو حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔
پولیس نے مقتول شاہد کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے پر تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم اعترافِ جرم کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: درندگی کی انتہاء ہوگئی، بھائی نے بہن کو زیادتی کے بعد جلا کر مار ڈالا