لندن: برطانوی فرم براڈ شیٹ کے سربراہ کاوہ موساوی نے پاکستان کی طرف سے کی گئی برطانوی عدالت کا فیصلہ جاری کرنے کی درخواست قبول کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی طرف سے وکلاء نے برطانوی فرم براڈ شیٹ کے وکلاء سے درخواست کی تھی کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ جاری کیا جائے۔ وکلاء نے فیصلہ جاری کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
فیصلہ جاری کرنے کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو براڈ شیٹ کاوہ موساوی نے کہا کہ آخر کار حقائق سب کے سامنے آنا شروع ہو گئے، پاکستانی عوام اب حقائق سے واقف ہوجائیں گے۔ براڈ شیٹ نیب کیس کا فیصلہ 4 سال قبل اگست 2016ء میں کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے براڈ شیٹ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے درمیان معاہدے کا نوٹس لے لیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 4 روز قبل برطانوی فرم براڈ شیٹ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے درمیان معاہدے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔