برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا، گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا، گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا
برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچ گیا، گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

برطانوی شاہی جوڑا آج دورے کے لیے لاہور پہنچ گیا ہے جبکہ شہزادہ ولیم اور اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کیا۔

لاہور ائیرپورٹ پر شاہی جوڑے کے استقبال کے موقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور نے برطانوی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان آج کامیاب جوان فلاحی منصوبے کا افتتاح کریں گے

شاہی جوڑے کو آج لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرائی جائے گی  جبکہ شہزادہ ولیم اور اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے شایانِ شان استقبال  کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے حکومت پاکستان  کی طرف سے تمام تر   تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔

 پنجاب کے دارالحکومت لاہور آمد پر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی  سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔شاہی جوڑا  نیشنل کرکٹ اکیڈمی دورے کے دوران برطانوی ہائی کمیشن کا دوستی کرکٹ میچ دیکھے گا  جبکہ تقسیم انعامات کی تقریب  میں قومی کرکٹ کے ستارے وقار یونس، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شریک ہوں گے۔

سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے لاہور ائیرپورٹ، گورنر ہاؤس، بادشاہی مسجد، ایس او ایس ولیج، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور شوکت خانم ہسپتال سمیت مختلف مقامات پر 6 ہزار سے زائد سیکیورٹی عملہ تعینات ہیں جبکہ تاریخی مقامات کی سیر کے دوران بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں برطانوی شاہی جوڑے کو بین الاقوامی قانون کے تحت صدارتی پروٹوکول حاصل ہے جس کے لیے پولیس کے 7000 جوان اور ٹریفک پولیس کے 600 وارڈنز روٹ پر تعینات ہیں جبکہ شاہی جوڑے کی اپنی سیکیورٹی اور ایلیٹ فورس اہلکار علیحدہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تاریخی مقامات پر شاہی جوڑے کی آمد سے قبل انہیں عوام کے لیے مکمل طورپر بند کردیا جائے گا جبکہ ان کی آمدورفت کے تمام راستوں پر ماہر نشانے باز اسنائپرز تعینات ہوں گے اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے دورے کے مقامات کو کلیئر بھی کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کا سامنا نہ ہو۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑا گزشتہ روز  چترال پہنچا جہاں مہمان نواز چترالیوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور انہیں روایتی ٹوپی اور چغہ بھی پہنایا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے چترال پہنچنے والے شہزادہ ولیم اور اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کو چترال کے علاقوں بروغل اور ویلیج بمبوریت کا دورہ کروایا گیا جبکہ اس دوران پاکستانی مہمان نوازی کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ 

مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کی چترال آمد، روایتی ٹوپی اور چغہ پہنا دیا گیا

Related Posts