لندن: برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لی ہے، انہوں نے اس موقعے پر وائرس کی روک تھام کیلئے پروگرام میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی 39 سالہ شہزادی کیٹ نے کہا کہ میں نے مغربی لندن میں واقع کنزنگٹن محل سے کچھ ہی دوری پر واقع سائنس میوزیم سے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرشاہی جوڑے کے مشترکہ اکاؤنٹ سے جاری کردہ اپنے پیغام میں برطانوی شہزادی کیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز میں نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لندن کے سائنس میوزیم سے لگوائی۔
ٹوئٹر پیغام میں برطانوی شہزادی نے کورونا ویکسین لگواتے ہوئے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی اور کہا کہ میں کورونا وباء کے خلاف برسرِ پیکار تمام تر افراد کی شکر گزار ہوں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔
Yesterday I received my first dose of the COVID-19 vaccine at London’s Science Museum. I’m hugely grateful to everyone who is playing a part in the rollout – thank you for everything you are doing. pic.twitter.com/h427iT0n4x
— The Prince and Princess of Wales (@KensingtonRoyal) May 29, 2021
رواں ہفتے 38 سالہ برطانوی شہزادہ ولیم بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں۔ ان کی دادی ملکۂ برطانیہ کوین الزبتھ نے بھی جنوری میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی اور ویکسین لگوانے کیلئے عوام کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
ملکۂ برطانیہ نے کورونا ویکسین کو زود اثر اور درد سے پاک قرار دیا۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں 30 سال سے زائد العمر افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے جو ابتدائی طور پر 3 کروڑ 88 لاکھ افراد کو لگائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے کی شادی کے 10 برس مکمل ہونے پر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے سالگرہ منائی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
کم و بیش 10 برس قبل 29 اپریل 2011 کے روز برطانوی شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن سے شادی کی۔ رشتۂ ازدواج کے 10 برس کی تکمیل سے قبل ہی شاہی جوڑے کے انسٹا گرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹس سے تصاویر شیئر کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کی شادی کو 10 برس مکمل، تصاویر وائرل