کورونا وائرس کی برطانوی ویکسین ایسٹرا زینیکا کی پہلی 12 لاکھ 48 ہزار سے زائد خوراکوں کی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی ہے جسے حکامِ بالا نے وصول کیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کی برطانوی ویکسین ایسٹرا زینیکا کی پہلی کھیپ میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 48 ہزار 400 خوراکیں ہیں جو اسلام اباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا دی گئی۔
اس حوالے سے وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی تیار کردہ کورونا ویکسین ایسٹرا زینیکا کی 12 لاکھ سے زائد خوراکوں کی پہلی کھیپ کو کوویکس فیسیبلٹی کے تحت پاکستان لایا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا کی ویکسین بنانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، کنسائینو ویکسین کی بڑی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک تیار ہو جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے پلانٹ میں بڑی مقدار میں کنسائینو ویکسین کی پہلی کھیپ کی تیاری جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کنسائینو ویکسین کی بڑی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہوگی، اسد عمر