ایل او سی، بھارتی گولہ باری سے نوجوان جاں بحق، دوافراد زخمی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

LOC firing
ایل او سی، بھارتی گولہ باری سے نوجوان جاں بحق، دوافراد زخمی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ دو سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی سے مظفر آباد کی لیپا ویلی اور پونچھ ڈویژن کے بٹل سیکٹر میں جانی نقصان ہوا جہاں صبح تقریباً 8 بجے گولہ باری کا آغاز ہوا۔بھارتی فوج کی گولہ باری سے وادی لیپا کے گاؤں مَنڈا کْلی میں 10ویں جماعت کا طالب علم جاں بحق اور 5ویں جماعت کا طالب علم زخمی ہوا۔

لیپا کے اسسٹنٹ کمشنر احمد سبحانی نے کہا کہ وادی میں بھارتی فوج نے صبح 11 بجے تک اندھا دھند اور پھر سہ پہر 4 بجے تک وقفے وقفے سے گولہ باری کی۔انہوں نے کہا کہ شیلنگ کے آغاز کے بعد 16 سالہ جواد اپنے گھر سے باہر آیا اور صحن میں گولہ باری کا نشانہ بنا۔

انہوں نے کہاکہ جواد کے پیٹ میں متعدد سپلنٹرز گھس گئے جس سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔احمد سبحانی نے کہا کہ شیلنگ سے دوسرے گھر میں موجود 10 سالہ احسن زخمی ہواتاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

علاقہ مکینوں نے کہا کہ بھارتی گولہ باری سے منڈا کلی اور چَھنیاں گاؤں میں 8 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

مقامی پولیس افسر محمد حیات نے بتایا کہ بٹل سیکٹر میں لَچھیال گاؤں میں سرکاری پرائمری اسکول بھارتی فائرنگ کی زد میں آیا اور بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے دوران 32 سالہ ٹیچر فصیح الحق زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی گولہ باری سے اسکول کی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا اور اسی سیکٹر کے گاؤں ڈیرا شیر خان کے گھر کو بھی نقصان پہنچا۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے بھارتی اشتعال انگیزی کے حالیہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے پاگل پن کی کوئی حد نہیں ۔

Related Posts