باؤلنگ ایکشن ریویو گروپ (بی اے آر جی) نے پاکستان کرکٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کردی ہے۔ محمد حفیظ انگلینڈ میں باؤلنگ کے فرائض سرانجام نہیں دے سکیں گے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے باؤلنگ ایکشن ریو گروپ کے مطابق محمد حفیظ جب بال کرانے کے لیے بازو کو حرکت دیتے ہیں تو وہ 15 ڈگری کے زاویے سے زیادہ مڑ جاتا ہے جس کے باعث ان پر پابندی لگائی گئی۔
رواں سال ٹی 20 بلاسٹ میں بھی محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے اسے مشکوک قرار دیا گیا تھا، تاہم اس کے خلاف کوئی سنجیدہ کارروائی نہ ہوسکی، تاہم ایکشن ریویو گروپ نے محمد حفیظ کو باؤلنگ کرانے سے روک دیا۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہاہے کہ میری باؤلنگ کے حوالے سے مرتب کردہ ریویو گروپ رپورٹ میں خامیاں موجود ہیں ، اس کے باوجود رپورٹ سے انکار نہیں کرتا۔ مجھ پر جو پابندی عائد کی گئی، اسے تسلیم کرتے ہوئے کرکٹ جاری رکھوں گا۔
دوسری جانب آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020، 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جو 9فروری تک جاری رہے گا۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
آئندہ سال17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ9 فروری کو ہوگا۔ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کوسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلاجائے گا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جنوبی افریقہ میں ہوگا