سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ جانے والی بولان میل (تھری یو پی) کو جیکب آباد میں روک لیا گیا ہے۔ ٹرین آدھی رات کے بعد کراچی سے جیکب آباد پہنچی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے حکام نے جیکب آباد پہنچنے پر ٹرین کو وہیں روکتے ہوئے اسے کوئٹہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی۔ اسٹیشن ماسٹر کو آدھی رات کے وقت آگاہ کیا گیا کہ ٹرین کو اسٹیشن پر روکیں اور سکیورٹی کلیرنس ملنے کے بعد ہی جانے کی اجازت دیں۔
سی ای او پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ جانے والی بولان میل کو سکیورٹی وجوہات کے باعث روکا گیا ہے کیونکہ رات کے وقت بلوچستان میں ٹرین آپریشن کی اجازت نہیں ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ٹرین میں تقریباً 150 مسافر تھے جب اسے روک لیا گیا۔
بدقسمتی سے ٹرین کو کلیرنس نہ مل سکی۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹرین کا آگے کا سفر کلیرنس نہ ملنے کے باعث معطل کردیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو بسوں کے ذریعے کوئٹہ اور دیگر مقامات پر بھیجنے کیلئے بسوں میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
کم و بیش 100مسافروں نے ریلوے حکام سے متبادل ٹرانسپورٹ کے انتظام کی درخواست کی جن کو بس کے ذریعے ان کی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔ مسافروں کو صبح تک انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ریلوے حکام نے جب مسافروں کو ٹرین سے اترنے کا کہا تو مسافروں نے احتجاج شروع کردیا تھا۔