کوئٹہ: بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ بلوچستان کے علاقے بولان میں کنبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔
بنوں بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق
ایس پی بولان کا کہنا ہے کہ اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد کوئٹہ جارہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ مبینہ طور پر ایک خودکش بمبار نے کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کے جانے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دی جاسکتی ہے۔
ضلع کچھی میں بولان کے علاقے ڈاڈر کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے بی سی کے جوانوں پر حملہ کردیا۔ زخمی ہونے والے افراد میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔
خودکش دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا جارہا ہے۔
کچھی کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس کے جوان جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔ گاڑی پر 22جوان سوار تھے۔