یوپی نیوز: بی جے پی اتر پردیش کے صدر بھوپندر سنگھ چودھری نے کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے کے ایک حالیہ بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اجے رائے کے الفاظ کانگریس کی زہریلی اور منفی سوچ کو ظاہر کرتے ہیں، انہوں نے اجے رائے پر بھارتی فوج کی توہین کرنے کا بھی الزام لگایا۔
لکھنؤ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھوپندر چودھری نے اجے رائے کے بیان کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما جان بوجھ کر ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے بھارتی فوج کا حوصلہ پست ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی تاریخ ملک دشمن بیانات سے بھری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر رہنماؤں کے بیانات کو پاکستان میں بہت پسند کیا جا رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے لیکن ملک کی عوام کبھی بھی ایسی قوم دشمن طاقتوں کو برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فوج پاکستان کو منہ توڑ جواب دے گی اور عوام ملک دشمن سیاسی جماعتوں کا صفایا کر دے گی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر بھی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ وہ مسلسل سناتن دھرم کی توہین کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سناتنی گائے کو ماں کے درجے کا احترام دیتا ہے، اور اکھلیش کو خود کو بھگوان گووند کا وارث کہنا بند کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکھلیش کی گائے کے گوبر پر کی گئی ریمارکس ہماری ثقافت کی توہین اور ان کی محدود سوچ کی عکاسی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما اجے رائے نے فرانس سے خریدے گئے رافیل طیاروں پر مودی حکومت پر طنز کے تیر چلا تے ہوئے ایک کھلونا رافیل طیارہ میڈیا کو دکھایا، جس پر لیموں اور ہری مرچیں لٹکی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام میں اتنا بڑا واقعہ ہو گیا مگر حکومت کہتی ہے کہ دہشت گردوں کو کچل دیں گے، مگر اس سے عملی طور پر کچھ نہیں ہو رہا۔