لاہور: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پریکٹس اینڈ پراسیجر ایکٹ پارلیمنٹ کی بالادستی اور خود عدلیہ کیلئے اہم ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے کی گئی گفتگو کے دوران سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر بھارت پر جو الزام عائد کیا، بہت بڑا الزام ہے۔
انتخابات کی تاریخ دینا صرف الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، بلاول بھٹو
گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کینیڈین وزیر اعظم نے سکھ کینیڈین شہری کے قتل کا الزام لگایا، وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے ہندوتوا پر مبنی انتہا پسند ریاست ہونے کا اعتراف کرلے۔
سابق وزیرِخارجہ نے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں۔ پریکٹس اینڈ پراسیجر ایکٹ کی فل کورٹ سماعت سپریم کورٹ کا ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ کیس کا حتمی فیصلہ بینچ کی تشکیل کے متعلق زیادہ وضاحت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے متعلق تحفظات دور کرنے کا اختیار سابق صدر آصف زرداری کو دیا گیا ہے۔اب یہ مناسب نہیں کہ روزانہ اس کے متعلق بات کروں۔ لیول پلیئنگ فیلڈ سب کو نظر آرہی ہے۔