بیجنگ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے کیلئے چین پہنچے ہیں جبکہ پاک چین دوستی کی 71ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔
تفصلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو چینی ہم منصب وانگ ژی کی دعوت پر اپنے پہلے دو طرفہ دورے کیلئے ہفتے کو رات گئے چین کے شہر گوانگ زو پہنچے۔ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 71ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں چینی وزیرِ خارجہ سے پاک چین تعلقات پر سیر حاصل بات چیت کیلئے تیار ہوں۔ واضح رہے کہ گوانگ زو چینی صوبے گوانگ ڈونگ کا دارالحکومت ہے۔
مزید واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کے دو روزہ دورے کیلئے پہلی بار چین پہنچے ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی شہباز شریف حکومت کے قیام کے بعد پہلی بار اہم ملاقات ہوگی۔
دوسری جانب چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین پہنچے۔ وہ اپنے چینی ہم منصب سے عالمی امور پر گفتگو کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔