پیپلزپارٹی نےدھرنادیاتولوگ مولانافضل الرحمان کادھرنابھول جائیں گے، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Bilawal To Address Several Public Meetings In Central Punjab
bilawal-bhutto

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نہ ڈیل کر سکتے ہیں اور نہ چاہتے ہیں،لائن کراس ہوئی توپیپلزپارٹی ایسا دھرنادے گی  کہ لوگ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو بھی بھول جائیں گے۔

سابق صدر اور اپنے والد آصف علی زرداری سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو صرف الزام کی بنیاد پر گرفتار کیا جا رہا ہے، آصف زرداری کیلئے جیل نئی بات نہیں، انہوں نے پہلے بھی جیل کاٹی اور باعزت بری ہوئے۔ وہ ساڑھے 11 سال  جیل میں رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آصف زرداری بیمار ضرور ہیں لیکن اپنے نظریے پر سمجھوتے کے لئے تیار نہیں، ان کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پرعمل نہیں کیا جارہا۔ جتنا مرضی دباؤ ڈالو ہم اپنے نظریے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم نے آمروں کا مقابلہ کیا اب اس کٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے۔

حکومت کے ساتھ ڈیل سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈیل پر لعنت بھیجتے ہیں، کوئی ڈیل کر رہے ہیں اور نہ کریں گے،ہم کیوں ڈیل کریں، پیپلزپارٹی پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا، ہماری جماعت جمہوریت، انسانی حقوق، 18ویں ترمیم سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی، حکومت نے جتنا دباؤ ڈالنا ہے ڈال لے لیکن ہم کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے،ہم صرف لڑنا جانتے ہیں اور لڑیں گے۔

بلاول بھٹوکاکہنا تھا کہ حکومت کو دھاندلی کرکے مسلط کیا گیا ہے، ایک سال کے دوران عام آدمی کا معاشی قتل ہوا ہے، ایک سال کی پالیسی یہی رہی ہے کہ سلیکٹر کو خوش کرنا ہے لیکن عوام کےلیے کچھ نہیں کیا گیا، لہٰذا جب سلیکٹڈ حکومت آتی ہے تو وہ کسی اور کی وجہ سے آتی ہے اسے عوام کے دکھ و تکلیف کا احساس نہیں ہوتا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جب اقتدار میں آتی ہے تو امیروں کے بجائے غریبوں کو خوش کرتی ہے لیکن آج عوام مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں، انھیں مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا ہے۔

چمن میں دھماکے اور جے یو آئی (ف) کے رہنما کے جاں بحق ہونے کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ خود مولانا فضل الرحمان سے مل کر تعزیت اور افسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہے، ہم عوام کو بتا رہے ہیں حکومت کس طرح ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، ان سے ملاقات میں کوئی درمیانی راستہ نکلا تو ان کی حمایت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے، تقریر کرنا تو آسان ہوتا ہے ماضی میں بہت سے وزرائے اعظم نے کشمیر کا مقدمہ بہت اچھے طریقے سے لڑا، کیا کسی دوسرے وزیراعظم کے دورمیں کشمیر پر ایسا حملہ ہوا؟ امید تھی کہ عمران خان کی پوری تقریر کشمیر پر ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی گرفتاری سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بغیر ثبوت کے وزیراعلیٰ سندھ کو کیسے گرفتار کیا جا سکتا ہے، ہ وزیراعلیٰ سندھ کو بغیر ثبوتوں کے گرفتار کیا گیا تو اسے ریڈلائن کو کراس کرنا تصور کیا جائے گا اور پیپلز پارٹی اس کا بھرپور جواب دے گی،  پیپلز پارٹی ایسا دھرنا دے گی کہ لوگ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو بھی بھول جائیں گے۔

Related Posts