اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 67 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے 72 پیسے کا اضافہ کرے گی جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔
آئندہ 15روز میں حکومت پیٹرول کی قیمت 273روپے 28 پیسے جبکہ ڈیزل کی 281روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے کیلئے تیار ہے۔ کیروسین آئل (مٹی کے تیل) کی نئی قیمت 184روپے 25 پیسے جبکہ ایل ڈی او کی 166روپے 65 پیسے تک جا پہنچے گی۔
اس سے قبل وفاقی حکومت یکم جولائی 2024 کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کرچکی ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے دئیے گئے اہداف پورے کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ مہنگی کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کے دورِ حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔ اپریل کی 16تاریخ تک پیٹرول کی قیمت میں 14روپے سے زائد اضافہ ہوا۔
نجی ٹی وی (ہم نیوز) کی رپورٹ کے مطابق موجودہ دورِ حکومت کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 14 روپے 19 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ردو بدل کیا گیا۔