اسلام آباد: ہمسایہ ملک بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو ویزہ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ربورڈ اور حکومت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت کی بجائے پاکستان منتقل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا تھا جس کے ردِ عمل کے طور پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔
بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) نے انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے بھارت آنے والے شائقینِ کرکٹ اور کھلاڑیوں کو ویزوں کے اجراء میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اور شائقین باآسانی بھارت آ سکیں گے۔ ویزوں کی فراہمی کے بعد بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یقینی ہوگئی ہے۔
شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ کی دُنیا کے سب سے زیادہ جارح مزاج حریف ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کے مختصر فارمیٹ میں ورلڈ کپ کے انعقاد کے دوران کرکٹ کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی دہرا معیار ہے، سلمان بٹ