کراچی: بحریہ ٹاؤن فیز 2 جامشورو کی جانب سے محکمۂ جنگلات سندھ کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی (ڈان) کی رپورٹ کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز 2 جامشوروپر محکمۂ جنگلات کی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔ 5رکنی تحقیقاتی ٹیم نے طویل رپورٹ جمع کروا دی ہے جس کے تحت بورڈ آف ریونیو کے ملازمین قبضہ کرانے میں ملوث یا پھر خاموش رہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بورڈ آف ریونیو کے قبضہ کرانے میں ملوث ملازمین کے خلاف لینڈ یوٹیلائزیشن ایکٹ 1967 کے تحت کارروائی کی سفارش کی ہے۔ اسی طرح ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ سیکشن 52 کے تحت ملوث افراد کے خلاف ریونیو کورٹ میں کارروائی ہوگی۔
بحریہ ٹاؤن فیز 2 میں محکمۂ جنگلات کی نوٹیفائی کی گئی زمین میں قبضہ کرکے اضافی زمین شامل کی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم نے سختی سے سفارش کی کہ بحریہ ٹاؤن فیز 2 نے جس زمین پر قبضہ کیا ہے، وہ ختم کروایا جائے۔ ڈی سی جامشورو تجاوزات کے خلاف آپریشن کی سربراہی کریں۔
ٹیم نے سفارش کی کہ بحریہ ٹاؤن فیز 2 جامشورو سے اضافی زمین واپس لی جائے۔ 19صفحات پر مشتمل رپورٹ میں زمین پر قبضہ کرنے میں مدد کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔