سنچورین: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 76 اننگز میں 13 سنچریز بنا کر کم سے کم اننگز میں زیادہ سے زیادہ سنچریز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے یہ ورلڈ ریکارڈ گزشتہ روز میزبان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہاشم آملہ کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہاشم آملہ نے 83 اننگز میں 13 سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 86ا ننگز میں 13 سنچریاں بنائیں۔ دونوں کرکٹرز بابر اعظم کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہو گئے۔
چوتھے نمبر پر کم سے کم اننگز میں زیادہ سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کا ورلڈ ریکارڈ کوئنٹن ڈی کوک کے پاس ہے جو 86 اننگز میں 13 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جبکہ 5ویں نمبرپر آسٹریلین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے 91 اننگز میں 13 سنچریاں اسکور کیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سنچورین میں پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں گزشتہ روز پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 273رنز بنائے اور اس طرح پاکستان کو جیت کے لئے 274رنز کا ہدف دیا۔
مزید پڑھیں: پہلا ون ڈے، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے دی