کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں محمد رضوان کو وکٹ کیپر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر، ایڈن مارکرم، میچل مارش، ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی، جوز ہیزل ووڈ، وینیندو ہسارنگا اور مستفیض الرحمن بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹیک فرنٹ ایف زیڈ ای اور بلٹز ایڈورٹائزنگ پرائیوٹ لمیٹڈ کے پی سی بی کے ساتھ تنازعات پر لندن کی عالمی ثالثی عدالت نے پی سی بی کے حق میں فیصلے سنادئیے۔
ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای (ٹیک فرنٹ) سے متعلق تنازعہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریمنگ میڈیا رائٹس کے معاہدوں کے سلسلے میں فیس کی ادائیگی جبکہ بلٹز ایڈورٹائزنگ کے ساتھ تنازعہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے میچز کی تاخیر سے ٹیلی ویڑن نشریات اور لائیو سٹریمنگ میڈیا رائٹس کی فیس کی ادائیگی سے متعلق تھا۔
اعلامیہ کے مطابق ان تنازعات پر لندن کی عالمی ثالثی عدالت نے ٹیک فرنٹ اور بلٹز ایڈورٹائزنگ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے دونوں پارٹیز کو پی سی بی کو فیس کی ادائیگی اور کیس سے متعلق تمام اخراجات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔
یہ تمام حقوق پاکستان اور لندن کی عالمی ثالثی عدالت کے قوانین کے عین مطابق جاری کیے گئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی بیرسٹر سلمان نصیر نے کہاکہ یہ ان کیلئے بڑی کامیابیاں ہیں کیونکہ اس سے پی سی بی کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سے کثیر آمدنی ملنے میں کامیابی ہوگی۔
مزید پڑھیں: شاہد آفریدی بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں، ان سے پرفارمنس لینی ہے، سرفراز احمد