دبئی: عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بیٹسمین فخر زمان کو اپریل کیلئے ماہانہ کارکردگی کی بنیاد پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز کیلئے نامزد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی کونسل نے کرکٹ کے ہر فارمیٹ کیلئے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے اعزازات کا اعلان کیا ہے جس کیلئے نیپالی کرکٹر کوشل بھرتل سمیت دیگر کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف 3 ون ڈے میچز کھیلے جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 اور 94 رنز بنائے جس کے بعد بابر اعظم کو2بار پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مجموعی طور پر انہوں نے 104 کے اسٹرائیک ریٹ پر سیریز میں 228 رنز بنائے جس سے بابر اعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے آگے نکل گئے اور آئی سی سی نے انہیں ون ڈے فارمیٹ میں دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
اپریل کے دوران قومی ٹیم کے کپتان نے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں سے 4 جنوبی افریقہ جبکہ 3 زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے جن میں بابر اعظم نے 305 رنز، 2 نصف سنچریز اور59 گیندوں پر ایک سنچری بنائی۔
دوسری جانب فخر زمان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ون ڈے میچز میں 111 اعشاریہ 43 کے اسٹرائیک ریٹ پر 302 رنز بنا کر سیریز کے نمایاں کھلاڑی قرار پائے۔
فخر زمان نے 2 سنچریاں بھی اسکور کیں جن میں 193 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل ہے جس سے آئی سی سی رینکنگ میں فخر زمان دنیا کے ساتویں بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ عالمی کرکٹ کونسل نے دونوں کھلاڑیوں کو ماہانہ کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کو میلبورن کرکٹ کلب نے تاحیات ممبر شپ کے اعزاز سے نواز دیا